اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے وینزویلا میں زلزلوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جاری کئے گئے بیان میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی جانب سے وینزویلا کی حکومت اور عوام، بالخصوص متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس مشکل اور کٹھن وقت میں تمام متاثرہ افراد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلوں کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مائی کیٹیا میں واقع مرکزی ایئر پورٹ کو زلزلے سے شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث ایئر پورٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔ ادھر دارالحکومت کاراکاس میں زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں، جبکہ 4 افراد ہلاک اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا وینزویلا میں زلزلے پر اظہار افسوس، متاثرین سے اظہار یکجہتی



















