پاکستان ،پولینڈ کا سکیورٹی ، انسداد دہشتگردی تعاون بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان،پولینڈ نے سکیورٹی، انٹیلی جنس شیئرنگ، انسداد دہشتگردی، غیر قانونی مائیگریشن اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی ،وزیر مملکت طلال چودھری سے پولینڈ کے وزیر ،کونسل آف منسٹر کے سربراہ ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی، دوطرفہ تعلقات ،اعلیٰ سطح کے روابط مزید بڑھانے ،سکیورٹی، انٹیلی جنس شیئرنگ، انسداد دہشتگردی، غیر قانونی مائیگریشن اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،فریقین نے میوچل لیگل اسسٹنس سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا، تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کےلئے وزیر مملکت طلال چودھری کی سربراہی میں وزارت داخلہ کا وفد جلد پولینڈ کا دورہ کرےگا۔

محسن نقوی نے کہا منشیات، غیر قانونی مائیگریشن اور منظم جرائم کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ،حکومتی اقدامات سے یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی آئی ،باہمی تعاون ،دوطرفہ کوآرڈی نیشن بڑھا کر جرائم میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔

پولینڈ کے وزیر ٹوماش شیمونیاک نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا پاکستانی شہریوں کو قانونی طریقے سے پولینڈ آمد پر خوش آمدید کہا جائے گا،انسداد دہشتگردی ،سکیورٹی امور پر پاکستان ،پولینڈ کا یکساں موقف،سیاسی و سکیورٹی تعلقات کےساتھ معاشی تعلقات کا فروغ بھی انتہائی اہم ہے،خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی سراہتے ہیں۔