پاکستان ،کرغزستان میں متعدد معاہدے، تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق


بشکیک:(مشرق نیوز)پاکستان ،کرغزستان نے انسداد دہشتگردی ، تعلیم، صحت ، تجارت،ماحولیاتی تبدیلی،سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے متعدد معاہدوں ، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے ،تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کرلیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کرغزستان وسطی ایشیا میں پاکستان کا اہم شراکت دار ، دونوں ممالک کے درمیان راہداری تجارتی معاہدہ خوش آئند پیشرفت ،معاہدوں ،مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے فروغ کے نئے دور کا آغاز ہے، موجودہ دو طرفہ تجارت کے حجم کو 2سال میں 16ملین ڈالر سے 200ملین ڈالر تک بڑھانے کا عزم رکھتے ہیں ،کاسا1000منصوبے کی بروقت تکمیل ضروری ہے،دہشتگردی ، انتہا پسندی ودیگرعصری خطرات سے نمٹنے کےلئے تعاون بڑھائیں گے۔

شہبازشریف نے کہا پہاڑوں میں گھرے خوبصورت شہر بشکیک میں موجودگی پرخوشی ،پرخلوص ،فراخدلانہ میزبانی پر کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف ،عوام کے شکر گزار ہیں ، پاکستان کرغزستان کےساتھ تعاون کے فروغ ،دوستی کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے،اتفا ق کیاگیااقتصادی شراکت داری کو مزید عملی ونتیجہ خیزمرحلے کی طرف لے جانا چاہئے، عملی اقدامات کے جامع منصوبے پرعمل کیا جائے گا،حکومتوں ونجی شعبے کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دیں گے ، رابطہ کاری جنوبی ایشیا ،وسطی ایشیا کے درمیان اقتصادی تعلقات کےلئے مشترکہ ویژن کا محور ہے،اہم راہداری تجارت سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ، سفری سہولیات بہتر ، علاقائی سطح پر رابطے کےلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے،دونوں ممالک تجارتی حجم بڑھانے کےلئے قوانین مزید سہل بنائیں گے۔

کرغزستان کے صدرصادرژاپاروف نے کہا وزیراعظم شہبازشریف ،وفد کو خوش آمدیدکہتے ہیں،دو طرفہ تعاون بڑھانے کے خواہاں ،دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،اعلی سطح کے رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے گا،تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے،معیشت کا شعبہ کرغزستان ،پاکستان کی شراکت داری کا بڑا ستون ہے،دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے ،سرمایہ کاری بڑھانے کےلئے منظم اقدامات پر اتفاق کیا ،ادویہ سازی، زراعت، توانائی، ہلکی مشینری ، سیاحت ، ڈیجیٹل معیشت ، ورچوئل اثاثوں ودیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمدکےلئے تیار ہیں۔

قبل ازیں صدارتی محل پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا ریڈ کارپٹ پرتپاک استقبال کیا گیا، کرغزستان کے صدر نے گرمجوشی سے استقبال کیا، دونوں ممالک کے کے قومی ترانے بجائے گئے،اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا گیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ کیا،معروف ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔

ادھر اسحاق ڈار نے کرغز وزیر خارجہ سے ملاقات کی، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ ،کثیرالجہتی فورمز میں قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔