پیپلز پارٹی نہ بھولے آزاد کشمیر میں انکی اپنی حکومت ہے، طارق فضل چودھری

اسلام آباد ( بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی مرکز میں ہماری اتحادی جماعت ہے اور ان کی لیڈرشپ ہمارے لئے قابل احترام ہے تاہم پیپلزپارٹی کے بعض رہنما جلسوں میں مسلم لیگ (ن)کے خلاف بیانات دیتے ہوئے یہ بات بھول رہے ہیں کہ آزاد کشمیر میں ان کی اپنی حکومت ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے مسائل کا نوٹس لیا اور ان کی ہدایت پر وزرا کی ٹیم نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا اور مسائل پرامن طریقے سے حل کیے ۔ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ طے پانے کے بعد وزیراعظم نے وفاقی وزرا اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو بلا کر مشاورت کی اور وزیرخزانہ کو ہدایت کی کہ آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے جتنی رقم چاہئے فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کےلئے 35 نکات پر عملدرآمد یقینی بنایا، 30 مئی 2026 کو بھی وزیراعظم کی ہدایت پر ہم نے مظفرآباد میں بیٹھ کر مذاکرات کئے، ہم نے برملا کہا کہ کشمیر سے متعلق ہر مسئلے کا حل کشمیریوں نے خود نکالنا ہے، کشمیری عوام جو بھی فیصلہ کریں گے اس میں وفاقی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے مثبت کردار سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ سیاسی مقبولیت کیلئے کشمیر میں کسی قسم کی تفریق یا تفرقہ بازی پھیلانے کے حق میں نہیں۔ان کا کہنا تھاکہ ہمیں آزاد کشمیر میں اتحاد، یکجہتی اور امن چاہیے، مسلم لیگ(ن) کی قیادت ایک پھلتا پھولتا اور پرامن کشمیر دیکھنا چاہتی ہے، کشمیر پاکستان کے ہر شہری کے دل میں بستا ہے۔