ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے آر پی او ایاز سلیم، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈی پی او عثمان ٹیپو کے ہمراہ محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈی سی آفس ساہیوال میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن کو محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ، ٹریفک مینجمنٹ، ایمرجنسی ریسپانس اور بین الادارہ جاتی رابطہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے مرکزی کنٹرول روم میں قائم مانیٹرنگ سسٹم اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ بعد ازاں انہوں نے کمشنر ساہیوال ڈویژن نے سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں سیف سٹی انچارج نے جدید سرویلنس سسٹم، کیمروں کے نیٹ ورک، محرم الحرام سیکیورٹی پلان اور مختلف ہیلپ لائنز پر موصول ہونے والی کالز کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کنٹرول روم میں نصب جدید مانیٹرنگ سسٹم، کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی اور کال ریسپانس میکانزم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کا فروغ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹرول رومز میں تعینات تمام افسران و اہلکار اپنی ذمہ داریاں انتہائی مستعدی، فرض شناسی اور نیک نیتی کے ساتھ سرانجام دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر وقت ہائی الرٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت پیرا فورس کی کارکردگی اور فیلڈ سرگرمیوں کاجائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اےس ڈی ای او پےرافورس نعمان قصر نے فورس کی کارکردگی، جاری اقدامات اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنرڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ پیرا فورس فیلڈ میں اپنی موجودگی مزید م¶ثر بنائے اور شہریوں کو تجاوزات اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری، اندرون شہر مارکیٹوں کے دکانداروں اور دیگر تجارتی مراکز کے ذمہ داران اپنے کاروبار کو مقررہ حدود تک محدود رکھیں اور سڑکوں یا عوامی گزرگاہوں پر سامان رکھ کر تجاوزات سے گریز کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی اور تجاوزات کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ شہری انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ پیرا فورس محرم الحرام کے دوران بھی جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر متحرک رہے تاکہ امن و امان اور عوامی سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کئے جاسکےں۔
محرم کے دوران امن و امان کا قیام اوّلین ترجیح ہے: کمشنر ساہیوال


















