کراچی (مشرق نیوز) سی ٹی ڈی اور وفاقی سول حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتارکرلیا، گرفتار دہشت گرد کا تعلق فتنہ الخوارج کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مولوی مخلص گروپ سے ہے، گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے خودکش جیکٹ،حساس مقامات کی تصاویراورنقشے بھی برآمدکر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کاونٹرٹیرازم ڈپارٹمنٹ اوروفاقی سول حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج کالعدم تحریک طالبان پاکستان مولوی مخلص گروپ کے دہشت گرد کا گھیرا تنگ کرتے ہوئے ٹی ٹی پی کے تربیت یافتہ خفیہ سلیپر سیل کے اہم رکن خود کش دہشت گرد سلمان عرف ابو ہریرہ ولد ابرہیم کومقابلے کے بعد گرفتار کرلیا۔
گرفتار دہشت گرد انتہائی مطلوب دہشت گرد زعفران عر ف ابو ہریرہ کا قریبی ساتھی رہا ہے جو ا پنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سائٹ اے تھانے کی حدود میں لبرٹی ٹیکسٹائل ملز میں کام کرنے والے غیر ملکی باشندوں کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے میں ملوث رہا ہے۔
گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے ایک خود کش جیکٹ، حساس مقامات کے تصاویر اور نقشے بھی برآمد کرلئے، سی ٹی ڈی حکام کے مطاق ملزم زعفران مقابلے میں ہلاک ہو گیا جس پر ایک کروڑ کا انعام مقرر تھا اس کی ہلاکت کے بعد مولوی مخلص یار(سپیشل استشہادی فورس) خود کش بمباری کیمپ کا امیر ہے۔ مولوی مخلص یارنے گرفتار ملزم سلمان اور دیگر دہشت گردوں کو کراچی میں بڑی خود کش دہشت گرد کارروائی کی غرض سے کراچی بھجوایا،جبکہ کچھ خود کش بمبار ساتھی ابھی کراچی آنے تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا ایک ساتھی سال 2025 میں کوئٹہ ایف سی کے خود کش حملے میں شامل تھا جو کہ مارا گیاجبکہ ملزم کا دوسرا ساتھی سال 2025 میں ہی ڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ سینٹردھماکے کے خود کش حملے میں شامل تھا اور مارا گیا۔
گرفتارملزم افغانستان سے خود کش حملوں کی کمانڈو ٹریننگ حاصل کرچکا ہے،ملزم مولوی مخلص یارکے حکم پراپنے ساتھی ادریس عرف اسداللہ کے ہمراہ کراچی آیا جہاں ملزمان نے ابتدا میں ٹارگٹ کلنگ کرنی تھی اور بعد میں اپنے دیگر دہشت گردخود کش حملہ آور ساتھیوں کے ہمراہ کراچی میں خود کش دھماکہ کرنا تھا۔
گرفتار دہشت گرد ملزم کے دیگر دہشت گرد ساتھیوں شیر زمان عرف مولوی مخلص ولد نیاز خان امیر استشہادی فورس افغانستان، کمانڈر افغانستان محمد شعیب اقبال عرف منیب چیمہ ولد محمد اقبال، کمانڈر افغانستان اظہار الحق عرف مولوی حمزہ ولد محمد سلیم، خود کش حملہ آور ادریس عرف اسداللہ ولدمحمد قاسم شامل ہیں۔
گرفتار دہشت گرد کے خلاف 2 مقدمات 51/2026 اور25/2026 سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلئے گئے ، گرفتار ملزم سے انٹروگیشن جاری ہے، مزید انکشافات کی توقع ہے اور ملزم کے تنظیمی ساتھیوں اورٹارگٹ کلر ز کی گرفتاری کیلئے سی ٹی ڈی اوروفاقی سول حساس ادارے کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو ملزم کے ساتھیوں و سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہیں جو کہ عنقریب بڑی کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کرلیا، اہم انکشافات متوقع


















