مظفر آباد،پاک فوج کے ایم آئی17 ہیلی کاپٹر کو حادثہ، تمام اہلکار شہید


راولپنڈی ،مظفر آباد،اسلام آباد (بیورورپورٹ)پاک فوج کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو حادثہ، سوار تمام اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی17 ہیلی کاپٹر مظفر آباد کے قریب معمول کی پرواز کے دوران ٹیک آف کر رہا تھا تکنیکی خرابی کے باعث کنٹرول برقرار نہ رہ سکا،ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے، حادثے کے فوری بعد ریسکیو اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی و بحالی کے کام کا آغاز کیا،حادثے کی وجوہات ،فنی خرابی کی نوعیت کا تعین کرنے کےلئے اعلیٰ سطح کا تحقیقاتی بورڈ تشکیل دےدیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا پاک فوج کے تمام افسروں و جوانوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس اور شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ،پوری قوم غم کی گھڑی میں شہدا کے خاندانوں کےساتھ کھڑی ہے۔

دریں اثنا صدر زرداری، وزیراعظم شہبازشریف ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے حادثے میں شہید ہونے والے تمام اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا پوری قوم بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی اوراہل خانہ کے غم میں برابر شریک ہے۔