لاہور: (اپنے نمائندے سے ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے پٹرولیم لیوی فوری ختم ،تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ کم ،آئین کے مطابق مقامی حکومتوں کو بااختیار بنایا جائے، عوام دشمن بجٹ پیش کیا گیا تو جماعت اسلامی ملک گیر احتجاجی تحریک، ہڑتال و دیگر آپشنز استعمال کرنے پر مجبور ہوگی،ملک میں بجلی ، گیس ، پٹرول کی قیمتیں کم کرکے 3سال کےلئے منجمد کی جائیں۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانی شہریوں سمیت دیگر افراد کی رہائی کےلئے حکومت فوری موثر اقدامات کرے،شہباز شریف کا امریکی صدر کو امن کا پیامبر کہنا قومی وقار کے منافی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے امریکی صدر کے بیانات کو قومی وقار کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا فلسطینیوں کے قتل عام کے ذمہ دار عناصر کی حمایت کرنےوالوں کو امن کا علمبردار قرار دینا مناسب نہیں،حکومت پٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی وصول کرکے عوام کا استحصال کر رہی ہے،بجٹ میں مزید ٹیکسوں کا نفاذ معیشت، صنعت اور عوام کےلئے تباہ کن ثابت ہوگا۔
بجٹ عوام دشمن ہوا تو ملک گیر احتجاج ہوگا‘حافظ نعیم الرحمن


















