موسمیاتی تبدیلی صحت، معیشت اور خوراک کیلئے سنگین خطرہ ہے: صدر / وزیراعظم

اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی صحت، معیشت اور خوراک کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم ماحولیات پر عالمی و قومی سطح پر ماحولیاتی تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کم اخراج کے باوجود کلائمیٹ رسک ممالک میں سرفہرست ہے، گلیشیرز کے پگھلنے، سیلاب اور گرمی کی لہروں پر تشویش ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ پانی کے موثر استعمال اور فضلہ میں کمی کی فوری ضرورت ہے، جنگلات کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کی ضرورت ہے، قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو تیز کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں، میڈیا اور سول سوسائٹی کو کردار ادا کرنا چاہئے، ماحولیاتی تحفظ کو قومی پالیسی کا بنیادی ستون بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان بین الاقوامی تعاون اور کلائمیٹ ایکشن کیلئے پرعزم ہے، آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ اور پائیدار ماحول کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ماحول کے تحفظ کیلئے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ماحول کا تحفظ مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے اور انسانیت کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط عالمی اقدامات ناگزیر ہیں، سیلاب، خشک سالی اور گلیشیرز کا تیزی سے پگھلنا موسمیاتی تبدیلی کی تلخ حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، ماحولیاتی تنزلی کے باعث ملک کو انسانی اور معاشی سطح پر بھاری نقصانات کا سامنا ہے۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے انفرادی، حکومتی اور عالمی سطح پر مضبوط عزم اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست طرز زندگی اپنانے کے عزم کی تجدید کریں اور سب ملکر سرسبز، ماحول دوست اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کیلئے مشترکہ کوششیں کریں۔ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے ماحول کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔