بلوچستان میں آپریشنز،بھارتی حمایت یافتہ 17دہشتگرد جہنم واصل


راولپنڈی: (بیورورپورٹ) بلوچستان میں آپریشنز،سکیورٹی فورسز نے 17 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 مئی ٹرین حادثے کے بعد بلوچستان کے مختلف اضلاع میں میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کئے، آپریشن کا سلسلہ مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں شروع کیا گیا،سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 17 دہشتگرد انجام کو پہنچے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور دیسی ساختہ بم بھی برآمد کرلیا، ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گرد کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے،عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائےگا۔

دریں اثنا صدر،وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں ،بہادری کو سراہتے ہوئے کہا قوم بہادر افواج ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں پوری قوم کے عزم ،اتحاد کی عکاس ہیں،ملکی امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔