گوجرانوالہ کے شہریوں کو جدید ماس ٹرانزٹ سسٹم فراہم کیا جائیگا: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر) اہل گوجرانوالہ کیلئے خوشخبری ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے بڑے منصوبے کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دیدی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ گوجرانوالہ کے ہر علاقے کو فیڈر بسوں کے ذریعے میٹرو ٹرین سسٹم سے منسلک کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں دو ٹنل سیکشن بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ 17 سے 19 کلومیٹر ٹریک کو انڈر گراونڈ گزارنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ اسکے علاوہ منصوبے میں ہر سٹیشن اور ڈپو پر سولر سسٹم نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دیا جا سکے۔

اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ میں 26 لاکھ مسافروں کے سفر کی گنجائش کیلئے یہ ماس ٹرانزٹ سسٹم قائم کیا جائیگا۔ گکھڑ سے ایمن آباد تک 31.5 کلومیٹر طویل اس منصوبے کی تکمیل کیلئے 12 ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس میں مجموعی طور پر 24 سٹیشن بنائے جائیں گے جن میں 2 سٹیشن انڈرگراونڈ ہوں گے۔

منصوبے کے تحت گرجاکھ، چن دا قلعہ اور گوندلا والا کے علاقوں میں ڈپو قائم کئے جائیں گے جبکہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے دونوں اطراف 62 کلومیٹر طویل ڈرین بھی تعمیر کی جائیگی۔ اسکے ساتھ ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا جائیگا جو نظام کی نگرانی اور آپریشن کو یقینی بنائیگا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تکمیل سے شہر کا ٹرانسپورٹ کلچر بدل جائیگا اور شہریوں کو ایک جدید و شاندار سفری نظام فراہم کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے عوام کیلئے یہ منصوبہ ایک اہم تحفہ ثابت ہوگا۔