نیویارک:(بیورورپورٹ)پاکستان نے آبنائے ہرمز کی بندش کو عالمی امن اور ترقی پذیر ممالک کیلئے سنگین خطرہ قراردےدیا۔
سلا متی کونسل میں بحری سلامتی پراجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نمائندے عاصم افتخار احمد نے کہا سمندری راستوں کا تحفظ نہ صرف تجارت بلکہ وسیع تر ترقیاتی اور سلامتی کے اہداف کےلئے بھی ناگزیر ہے،عالمی بحری علاقے 21ویںصدی کے اہم جغرافیائی و سٹرٹیجک میدان ہیں جہاں موجودہ دور کے بڑے چیلنجز ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں یہ سمندری راستے عالمی تجارت کی شہ رگ ہیں اور زمین کے ماحولیاتی نظام کی صورتحال کا اہم پیمانہ بھی ہیں جبکہ جدید معیشتیں بڑی حد تک بلا تعطل بحری تجارت پر انحصار کرتی ہیں، آبنائے ہرمز کی بندش ، نتیجے میں خوراک اور توانائی کی سلامتی پر پڑنے والے اثرات، عالمی سپلائی چین میں پیدا ہونےوالی رکاوٹیں مسئلے کی سنگینی کو واضح کرتی ہیں۔
پاکستانی مستقل مندوب نے کہا آبنائے ہرمز کی بندش سے آئل، گیس کی ترسیل کا مسئلہ ہے، عالمی حالات سے ترقی پذیر ممالک شدید متاثر ہو رہے ہیں، پاکستان چین، سعودی عرب، ترکیہ، مصر جیسے برادر ملکوں کیساتھ رابطے میں ہے، امریکہ اور ایران کے معاملات میں استحکام لانے کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان موجودہ بحران کے حل کیلئے ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی پر یقین رکھتا ہے، جنگ کے خاتمے، قیام امن کیلئے پاکستان ہر ممکن قدم اٹھانے کو تیار ہے۔
آبنائے ہرمز کی بندش عالمی امن، ترقی پذیر ممالک کیلئے سنگین خطرہ ہے،پاکستان


















