لاہور (خبر نگار/ تصاویر: میاں شاہنواز) صوبائی دارالحکومت میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جو اب ستھرا پنجاب اتھارٹی بن چکی ہے، نے حالیہ عرصے میں کئی نمایاں اقدامات اٹھائے ہیں جن میں رکشہ ویسٹ کلیکشن سروس کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ اس سروس کا مقصد تنگ گلیوں اور اندرونی آبادیوں سے کوڑا مو¿ثر انداز میں اکٹھا کر کے ڈمپنگ پوائنٹس تک منتقل کرنا ہے، جہاں بڑی گاڑیوں کی رسائی ممکن نہیں ہوتی۔ ذرائع کے مطابق شہر کی تقریباً 200 کے لگ بھگ یونین کونسلوں میں یہ رکشہ سروس باقاعدہ طور پر متحرک ہے، جہاں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں ٹن کوڑا گھروں اور بازاروں سے اٹھا کر مقررہ ڈمپنگ سٹیشنوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق اس سروس کے ذریعے روزانہ 5 سے 7 ہزار ٹن تک کوڑا منتقل کیا جاتا ہے جو مجموعی صفائی آپریشن کا ایک بڑا حصہ بن چکا ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے حکام کا کہنا ہے کہ رکشہ سروس کیلئے تقریباً 2800 سے زائد لوڈر رکشے فیلڈ میں کام کر رہے ہیں، جبکہ اس پورے آپریشن کو چلانے کیلئے 6 سے 7 ہزار کے قریب ورکرز اور ڈرائیورز پر مشتمل افرادی قوت تعینات کی گئی ہے۔ یہ عملہ مختلف شفٹوں میں کام کرتے ہوئے شہری علاقوں سے بروقت کوڑا اٹھانے کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ دوسری جانب کمپنی کے اندر ایندھن کے استعمال اور وسائل کی نگرانی سے متعلق مسائل بدستور توجہ طلب ہیں۔ مبینہ طور پر فیول مینجمنٹ میں خامیوں کے باعث صفائی آپریشن کی کارکردگی متاثر ہونے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں تاہم حکام کا دعویٰ ہے کہ نئے مانیٹرنگ سسٹمز اور ٹریکنگ میکانزم کے ذریعے ان چیلنجز پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر رکشہ سروس جیسے اقدامات کو مو¿ثر نگرانی اور شفافیت کے ساتھ جاری رکھا جائے تو لاہور جیسے بڑے شہر میں صفائی کے نظام کو نمایاں حد تک بہتر بنایا جا سکتا ہے، بصورت دیگر وسائل کے ضیاع کے باعث نتائج متاثر ہونے کا خدشہ برقرار رہے گا۔
ستھرا پنجاب اتھارٹی کی رکشہ ویسٹ کلیکشن سروس سے صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری


















