پاکستان ہمارا گھر، کسی جاگیردار یا بیوروکریٹس کی ملکیت نہیں: فضل الرحمن

لاہور(نمائندہ خصوصی) سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن نے کہا پاکستان ہمارا گھر، ہماری عزت ، کسی جاگیردار یا بیوروکریٹس کی ملکیت نہیں ،صوبائی دارالحکومت کے ایوان اقبال میں معروف مزاح نگار اور شاعر سید سلمان گیلانی کی یاد میں سیمینار میں گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاجب اللہ چاہتا ہے دنیا میں انسان کو لے آتا ہے جب چاہتا ہے واپس بلا لیتا ہے، کچھ لوگ دنیا میں اپنی ذات کےلئے نہیں ہوتے ہیں وہ لوگ امت کےلئے ہوتے ہیں، ایسے لوگوں کے چلے جانے سے ایک جہان یتیم ہوجاتا ہے، سید سلمان گیلانی سب کے تھے، سیمینار خدمات کے سامنے کچھ بھی نہیں، وہ اپنے والد سید امین گیلانی کی شعر وشاعری طرز اسلوب کے امین تھے، میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے ان کے والد کا دست شفقت نصیب ہوا،سربراہ جے یو آئی نے کہا میں نے ملتان میںجیل کاٹی، کمرہ کتابوں سے بھرا ہوتا تھا، علما کی بڑی تعداد کورٹ میں ہمارے ساتھ ہوتی تھی، پھر ہم نے عقیدہ ختم نبوت کا کیس جیت لیا، ختم نبوت کی دستاویز ہماری اسمبلی میں موجود ہے، جو لوگ اس دنیا سے جاچکے ان کا مشن ہم نے پورا کرنا ہے، پاکستان کلمے کے نام پر بنا مگر افسوس 78 سال بعد بھی اسلام کا نفاذ نہیں ہو سکا،ہم لوگ آج بھی مغربی دنیا کے دباو میں ہیں، آئین پاکستان کہتا ہے ملک میں قانون سازی قرآن و سنت کے مطابق ہو۔