عوام کو انصاف نہیں مل رہا، عید کے بعد بڑی کال دیں گے: نعیم الرحمن

پشاور (بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے عید کے بعد ملک میں بڑی کال دینگے، موجودہ عدالتی نظام عوام کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہو رہا ہے، کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نعیم الرحمن نے کہا سیاسی جماعتوں کی محض تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اصل مسئلہ پورے سسٹم کو بدلنے کا ہے، موجودہ سیاسی جماعتوں میں صرف اے ٹی ایم مشینوں کی قدر ہے اور جو لوگ صرف سیٹوں کےلئے سیاست کرنا چاہتے ہیں وہ ن لیگ، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں چلے جائیں، نظام بدلنے کے خواہشمند افراد جماعت اسلامی کا حصہ بنیں، بیوروکریسی کو مزید طاقت دینے کا کوئی فائدہ نہیں اور اے سی اور ڈی سی کو فنڈز دینے کا نظام قابل قبول نہیں، چند افراد کی اجارہ داری ختم ہونی چاہیے،پاکستان میں تعلیم کا بحران سنگین ہے، پنجاب میں ایک کروڑ جبکہ خیبرپختونخوا میں 50لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں،امیر جماعت اسلامی نے کہا امریکہ کبھی مسلمانوں کا دوست نہیں ہو سکتا تاہم ثالثی کا عمل ضرور ہونا چاہیے۔