لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر پنجاب پولیس صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 8659 ملزمان کو گرفتار کر کے 8348 مقدمات درج کئے گئے۔ اس دوران 4 لاکھ 53 ہزار 390 پتنگیں اور 12 ہزار 992 ڈور چرخیاں بھی برآمد کی گئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 3810 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 3663 مقدمات درج کئے گئے۔ لاہور میں 1 لاکھ 11 ہزار 971 پتنگیں اور 4159 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ صوبہ بھر میں کسی بھی جگہ پتنگ بازی ہرگز قابل برداشت نہیں اور اس خطرناک سرگرمی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں، جبکہ شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اطلاع فوری طور پر 15 پر دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
صوبہ بھر میں کسی بھی جگہ پتنگ بازی ہرگز برداشت نہیں جائیگی: آئی جی پنجاب


















