اساتذہ جدید تدریسی طریقوں کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھاریں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مختلف سیکشنز کی کارکردگی، تعلیمی معیار اور مارننگ و ایوننگ کلاسز کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پرنسپل ڈی پی ایس اکبر علی نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، تعلیمی سرگرمیوں اور انتظامی امور پر جامع بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کیلئے اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے۔ بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے سکول کے مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ اور اساتذہ سے نصاب اور تدریسی عمل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ مزید محنت، لگن اور جدید تدریسی طریقوں کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھاریں۔ دورے کے دوران کمشنر نے سکول کی عمارت کے مختلف حصوں کا بھی معائنہ کیا اور بلڈنگ کی بروقت مرمت و دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی اداروں میں بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ شہر میں جاری بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی کاموں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے صدر بازار اور ہائی سٹریٹ میں جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے جاری منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دکانوں کے سائن بورڈز کی تنصیب، ٹف ٹائلز بچھانے اور داخلی و خارجی راستوں کی خوبصورتی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کیا جائے اور داخلی و خارجی راستوں پر واضح سائن بورڈز نصب کئے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ شہروں کی خوبصورتی اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ بعد ازاں انہوں نے ہسپتال روڈ، نور شاہ روڈ اور 86 چوک تک مین ہائی سٹریٹ پر قائم گرین بیلٹس کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پودے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا، تاہم پودوں کی مناسب دیکھ بھال، بروقت پانی اور کانٹ چھانٹ انتہائی ضروری ہے۔ دورے کے دوران اے ڈی سی فنانس رانا اورنگزیب اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال بورڈ آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف برانچز کا معائنہ کیا اور دفتری امور کا جائزہ لیا۔ اے سی جنرل/سیکرٹری بورڈ غلام حسین بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران کمشنر نے ون ونڈو آپریشن کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں موجود طلبہ و طالبات سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ون ونڈو آپریشن کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے عملے کو تاکید کی کہ دفتر آنے والے طلبہ و طالبات کو بہترین اور بروقت سہولیات فراہم کی جائیں۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ ون ونڈو آپریشن میں ڈیجیٹل اسکرین نصب کی جائے جس پر تمام فراہم کردہ سہولیات اور رہنمائی کو جدید انداز میں شیئر کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو اپنے معاملات کی تکمیل میں آسانی ہو۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اس حوالے سے بورڈ کی ویب سائٹ کو بھی فعال اور موثر بنایا جائے۔ انہوں نے میٹرک اسناد کے اجراءکے عمل کو مزید سہل بنانے کیلئے ون ونڈو آپریشن میں خصوصی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ علاوہ ازیں، کمشنر نے بورڈ آفس میں بینک برانچ کے قیام کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے اور اس عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ کمشنر نے بورڈ کے داخلی راستے کا معائنہ کرتے ہوئے اسے مزید خوبصورت اور کشادہ بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے داخلی دروازے پر ایک معلوماتی کا¶نٹر قائم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ آنے والے طلبہ و طالبات کو فوری رہنمائی میسر آ سکے۔ بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت بورڈ آفس میں پروموشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پروموشن سے متعلق مختلف کیسوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان پر غور و خوض کیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ پروموشن کے تمام معاملات میرٹ اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد از جلد نمٹائے جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی بورڈز میں جدید سہولیات کی فراہمی اور انتظامی امور میں شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔