جنرل ہسپتال،پیریٹونیل ڈائیلاسز پر ورکشاپ،جدید ٹیکنالوجی کےلئے معاہدہ

لاہور: (جنرل رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے طب کی دنیا میں تیزی سے بدلتی ہوئی جدید ٹیکنالوجی اور ابھرتے ہوئے رجحانات گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کےلئے نئی زندگی کی نوید ثابت ہو رہے ہیں جن سے ہم آہنگ ہو کر نوجوان ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال کے شعبہ نیفرولوجی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان ”پیریٹونیل ڈائیلاسز“ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، سربراہ شعبہ نیفرولوجی پروفیسر عبادالرحمٰن، ڈاکٹر یاسر حسین، ڈاکٹر روشینا انجم، ڈاکٹر قرة العین، ڈاکٹر ساجد اقبال اور صوبہ بھر سے آئے ہوئے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی، طبی سہولیات کی فراہمی میں جدت لانے کےلئے Byonyksاور KBB کمپنیوں کے مابین ایک اہم مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے تاکہ ڈائیلاسز کی جدید مشینوں اور تکنیک میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔