اپوزیشن کا آج یوم سیاہ،اچکزئی نے وزیراعظم کو بھی شرکت کی دعوت دیدی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اپوزیشن کا آج یوم سیاہ،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے عوام سے جذباتی نہ ہونے کی اپیل کردی، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اپنے بیان میں کہا آج پورے ملک میں عوام نے اپنے مینڈیٹ چرانے میں غضے کا اظہار دکانیں بند کرکے کرنا ہے، شہباز شریف سے کہتا ہوں وہ بھی عوام کے سوگ میں شامل ہوجائیں، عوام سے اپیل کرتے ہیں ہم نے جذباتی نہیں ہونا،ملکی حالات ایسے نہیں عوام کو جذباتی کیا جائے، آج ہم اپنی بوئی ہوئی فصل کی کٹائی کررہے ہیں اور پاکستان کو دوسروں کی جنگ میں جھونک چکے ہیں، محمود خان اچکزئی نے کہا دین میں جبر کرنے سے منع کیا گیا ہے، ہمارے اپنے اعمال کی وجہ سے پاکستان مشکل میں ہے، ہم نے جو کچھ کیا اس میں اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی بھی شامل ہے،25 کروڑ عوام کو بندوق کی نوک پر ہراساں کیا گیا، کسی ایجنسی یا ادارے کے خلاف نہیں، آئین کی بالادستی چاہتے ہیں کیونکہ دستور نے ہمیں اکھٹا کر کے رکھا ہے مگر اس کو پھاڑا جارہا ہے، ناانصافی سے ملک نہیں چلتا، آج وفاداری بیچنے والوں کو 90 کروڑ روپے دیے جاتے ہیں جبکہ غریب مرتا ہے تو تیس چالیس لاکھ دےدئیے جاتے ہیں۔