اسلام آباد ،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمرا ن خان کی دائیں آنکھ کا کامیاب طبی علاج ، میڈیکل رپورٹ خاندان کو موصول ہوگئی۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے تفصیلی میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل حکام کو بھجوا دی۔
پمز انتظامیہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی مجموعی صحت تسلی بخش ،دائیں آنکھ میں بینائی متاثر ہونے کی تشخیص پرماہرین کی جانب سے تفصیلی معائنہ کیا گیا،عمران کو علاج کےلئے رات گئے پمز منتقل کیا ، طبی معائنے کے بعد رائٹ سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص کی ہوئی،اینٹی وی جی ای ایف انٹرا ویٹریل انجکشن دیاگیا ، علاج معیاری پروٹوکول کے تحت آپریشن تھیٹر میں انجام دیا ،طبی عمل تقریباً 20 منٹ میں کامیابی سے مکمل، حالت مستحکم رہی، بانی پی ٹی آئی کو فالو اپ ہدایات کےساتھ ہسپتال سے ڈسچارج کیا۔
ادھروزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ خاندان کے حوالے کر دی ،اپوزیشن لیڈر کی جانب سے وزیر اعظم کو خط لکھا گیا ،خط کے مطابق پی ٹی آئی رہنماوں نے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کیلئے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا، عمران خان اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں،عطا تارڑ نے کہاوزیراعظم آفس کی ہدایت پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو تفصیلی رپورٹ ارسال کی گئی،میڈیکل رپورٹ خاندان والوں کے حوالے کر دی۔
دوسری جانب سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ نے انسداد دہشتگردی عدالت میں جواب جمع کراتے ہوئے کہاعمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق میڈیکل سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، پرزن رولز کے مطابق میڈیکل چیک اپ کرایا گیا،کمنٹس جمع کرانے پر سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کےخلاف شوکاز نوٹس واپس لے لیا گیا۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو باضابطہ یادداشت پیش کر تے ہوئے بانی کےساتھ اہل خانہ ،وکلا سے ملاقات کی اجازت اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا مطالبہ کردیا۔
مزید برآں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے عمران ،بشریٰ کی عبوری ضمانتوں میں17 فروری تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
عمرا ن خان کی دائیں آنکھ کا کامیاب طبی علاج ،میڈیکل رپورٹ خاندان کو موصول



















