لاہور لندن سے زیادہ محفوظ ہے، طلال چودھری


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ،لاہور لندن سے زیادہ محفوظ ہے۔

سینٹ کی داخلہ کمیٹی اجلاس میں گاڑیوں کے کالے شیشے پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کالے شیشوں پر بیرون ملک اضافی فیس جمع کرائی جاتی ہے اگر کوئی سکیورٹی یا پھر شوق کےلئے کالے شیشے استعمال کرتا ہے تو فیس دے،چیئرمین کمیٹی نے کہا گزشتہ اجلاس میں ہدایت دی گئی تھی پالیسی بننے تک کارروائی نہ کی جائے، اس کے باوجود شہریوں پر 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا کمیٹی رہنمائی دے کیونکہ وفاق نہ ہی صوبوں میں کوئی واضح پالیسی موجود ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے سوال اٹھایا اگر پالیسی موجود نہیں تو جرمانے کیسے کیے جا رہے ہیں؟ طلال چودھری نے جواب دیا ایکسائز کے ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے، 10 سال قبل کالے شیشوں کےلئے سرٹیفکیٹ جاری ہوتے تھے تاہم غلط استعمال کیا گیا، کالے شیشے اب فیشن بن چکے ،لوگ سکن کی بیماری کا بہانہ بناتے ہیں جبکہ 50 ہزار روپے جرمانے کا قانون موجود ہے۔

اجلاس میں رکن کمیٹی ثمینہ ممتاز نے سکیورٹی خدشات کا ذکر کرتے ہوئے کہا پولیس عوام کو مکمل تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ، کچے کے علاقے میں 6 پولیس اہلکاروں کی جانب سے بچی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا جبکہ سکیورٹی خدشات کے باعث کمیٹی کا ایک رکن بھی شہید ہو چکا ہے، طلال چودھری نے کہا پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک اور جرائم دنیا بھر میں ہوتے ہیں تاہم لاہور لندن سے زیادہ محفوظ ہے، سینیٹر طلحہ محمود نے اعتراض کرتے ہوئے کہا اپر دیر میں لوگوں کو روک کر گلے کاٹے جا رہے ہیں اور دعویٰ کیا جا رہا ہے پاکستان لندن اور نیویارک سے زیادہ محفوظ ہے۔