لاہور(نمائندہ خصوصی+ اپنے رپورٹر سے) جمعیت علماءاسلام پنجاب کے وفد نے صوبائی وزیر داخلہ خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات کی جس میں آئمہ مساجد کے وظائف، مدارس رجسٹریشن اور مذہبی کارکنوں کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی مذاکرات ہوئے اور آئمہ مساجد کے وظائف کے حوالے سے صوبہ بھر میں پیدا شدہ شکایات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو بھی کی گئی، اس موقع پر جے یو آئی وفد کی جانب سے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے مطابق مدارس کی رجسٹریشن شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ جے یو آئی پنجاب کے قائم مقام امیر مولانا صفی اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماءاسلام پرامن سیاسی جماعت ہے جو آئین و قانون پر یقین رکھتی ہے اور قیام امن کیلئے جمعیت علماءاسلام کا کردار تاریخ کے روشن صفحات پر رقم ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ دینی مدارس تعلیم مہیا کر کے معاشرے کی بہت بڑی خدمت کررہے ہیں۔ جمعیت علماءاسلام اور مولانا فضل الرحمان کے سیاسی و مذہبی کردار کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر نے علماءکرام کو بھی راستے سے ہٹایا جسے برداشت نہیں کیاجاسکتا۔ جے یو آئی وفد میں مولانا صفی اللہ، حافظ نصیر احمد احرار اور حافظ غضنفر عزیز، نور خان ہانس ایڈووکیٹ، چوہدری شبیر نور اور حافظ اختر محمود بھی شریک تھے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 103 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ وڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر عدنان خان، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس خرم عزیز اور ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی شفاعت علی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈاکٹر شجاعت علی، پروین آغا، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی نوشین فیاض و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شروع کئے گئے چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام اور چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے دوران پی ایچ آئی ایم سی کے مختلف ایجنڈے پیش کئے گئے۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کے شعبہ صحت میں مختلف منصوبہ جات کے حوالہ سے تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔ اجلاس کے دوران کینسر کے مریضوں کے کوابلیشن ٹیکنالوجی سے علاج کیلئے میو ہسپتال لاہور کو ام پینل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 102 ویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ کا جائزہ بھی لیا گیا ہے۔ اجلاس میں 102 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں مالی سال 26-2025 کے سالانہ پروکیورمنٹ پلان کی منظوری دے دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبہ میں تاریخی اور بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک صوبہ بھرمیں الحمداللہ 8,630 سے زائد معصوم بچوں کی اربوں روپوں کی لاگت سے بالکل مفت ہارٹ سرجریز کرچکے ہیں۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے 355، آزاد کشمیر سے 175، اسلام آباد سے 91، بلوچستان سے 66، گلگت بلتستان سے 25 جبکہ صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 19 بچوں کی بالکل مفت کارڈیک سرجریز کی جا چکی ہیں۔ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت اب تک 919 ٹرانسپلانٹ کئے جا چکے ہیں جن میں 480 رینل ٹرانسپلانٹس، 265 کوکلیئر، 151 لیور، 16 بون میرو جبکہ 7 کورنئیل ٹرانسپلانٹس بالکل مفت کر چکے ہیں۔ چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت اب تک 10 لاکھ 50 ہزار سے زائد مریضوں کے بالکل مفت ڈائیلسز کر چکے ہیں۔ چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت ڈائیلسز کیلئے اب تک ہسپتالوں میں 30,000 ہزار سے زائد مریض رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے اس موقع پر کہا ہے کہ ام پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ ام پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو در پیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مدارس دینی تعلیم مہیا کر کے معاشرے کی بڑی خدمت کررہے ہیں: خواجہ سلمان رفیق


















