لاہور (سپیشل رپورٹر) راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کرنل (ر) عابد لطیف نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شیر افضل بٹ کے ہمراہ روزنامہ مشرق کے دفتر کا دورہ کیا۔ روڈا افسران کی گروپ ایڈیٹر اشرف سہیل، انچارج نمائندگان پرویزشفیع، چیف رپورٹر نوید چودھری اور بیٹ رپورٹر میاں ذیشان سمیت دیگر ذمہ داران سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔اس موقع پر روڈا افسران اور روزنامہ مشرق کی انتظامیہ کے درمیان ادارہ جاتی کارکردگی، صحافتی ذمہ داریوں، عوامی مسائل کی نشاندہی اور معاشرے میں مثبت و تعمیری صحافت کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کرنل (ر) عابد لطیف نے روڈا کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ گروپ ایڈیٹر اشرف سہیل نے روڈا افسران کو روزنامہ ”مشرق“ کے ادارتی و صحافتی امور، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور حقائق پر مبنی خبریں شائع کرنے کے حوالے سے ادارے کی پالیسی سے آگاہ کیا جبکہ روڈا افسران نے روزنامہ ”مشرق“ کی پیشہ ورانہ صحافتی خدمات اور ذمہ دارانہ اندازِ خبر رسانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی، عوامی آگاہی اور اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں ذمہ دار میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔ اس موقع پر روزنامہ مشرق کی جانب سے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شہری ترقی، جدید انفراسٹرکچر اور منظم شہری منصوبہ بندی کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور پالیسیوں کو بھی مثبت انداز میں سراہا گیا۔ روڈا افسران نے روزنامہ مشرق اور مشرق ڈیجیٹل کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے ادارے کے انتظامی، نیوز روم اور ڈیجیٹل میڈیا کے امور کا جائزہ لیا اور جدید تقاضوں کے مطابق صحافتی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ کرنل (ر) عابد لطیف اور شیر افضل بٹ نے روزنامہ مشرق کے مختلف شعبہ جات کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور کارکنوں کی محنت کو بھی سراہا۔ اس موقع پر روڈا افسران نے مہنگائی اور معاشی مشکلات کے موجودہ دور میں ادارے کے مالکان کی جانب سے اپنے کارکنوں کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی، ملازمین کی فلاح و بہبود کا خیال رکھنے اور ضرورت کے وقت مختلف محاذوں پر اپنے ورکروں کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے روزنامہ مشرق کے چیف ایگزیکٹو حاجی شوکت علی کاکڑ، چیف ایڈیٹر عبدالباقی کاکڑ اور منیجنگ ایڈیٹر اشرف چودھری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ روڈا افسران کا کہنا تھا کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی میں انتظامیہ اور کارکنوں کے درمیان اعتماد، باہمی احترام اور فلاحی سوچ بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ روزنامہ مشرق کی جانب سے اپنے کارکنوں کے معاشی تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ ادارہ نہ صرف صحافتی ذمہ داریوں کو اہمیت دیتا ہے بلکہ اپنے کارکنوں کو بھی اپنی کامیابی کا بنیادی حصہ سمجھتا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں کے درمیان باہمی احترام، مثبت صحافتی اقدار، عوامی مفاد اور تعمیری روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
روڈا کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کا روزنامہ ”مشرق“ دفتر کا دورہ ، بہترین صحافتی خدمات پر خراج تحسین پیش



















