اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک گیر سطح پر ”قومی انڈر 15 سکول ہاکی چیمپئن شپ اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام“شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد اسکول کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینا، ملک بھر سے باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کرنا، ایک وسیع قومی ٹیلنٹ پول تیار کرنا اور سکول ہاکی سے قومی ٹیم تک ایک منظم راستہ قائم کرنا ہے۔
جنوری 2027 کے دوران پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں انڈر 15 سکول ہاکی چیمپئن شپس منعقد کی جائیں گی۔ ان مقابلوں کا انعقاد متعلقہ کھیلوں کے محکمے، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹس، آئی بی سی سی، تعلیمی بورڈز اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کیا جائیگا۔ اضلاع اور ڈویژن کی سطح پر اسکولوں کو شرکت کی ترغیب دی جائیگی تاکہ گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ سامنے آ سکے۔
جنوری کی چیمپئن شپس کے اختتام پر اسلام آباد میں ہونے والے قومی مقابلے کیلئے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے 4، 4 جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے 2، 2 ٹاپ ٹیمیں کوالیفائی کریں گی، لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کیلئے یکساں عمل اپنایا جائیگا۔
منتخب تمام علاقائی ٹیمیں فروری 2027 میں اسلام آباد میں یکجا ہوں گی۔ پی ایچ ایف کے سلیکٹرز اور معتبر کوچز کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں، فٹنس اور کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے کر قومی ڈیٹا بیس تیار کریں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی چیمپئن شپ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی پہلی تین ٹیموں کو ٹرافیز، میڈلز اور ترقیاتی امداد دی جائیگی۔ علاوہ ازیں، بہترین کھلاڑی، بہترین گول کیپر، ڈیفینڈر، مڈفیلڈر اور فارورڈ کیلئے خصوصی انفرادی انعام کا اعلان بھی کیا جائیگا۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر صرف فاتح ٹیموں تک محدود رہے بغیر ملک بھر سے بہترین لڑکوں اور لڑکیوں پر مشتمل ایک وسیع ”قومی ٹیلنٹ پول“ قائم کیا جائیگا۔ اس پول کی بنیاد پر پاکستان انڈر 15 بوائز ٹیم اور پاکستان انڈر 15 گرلز ٹیم کا انتخاب کیا جائیگا جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو مستقبل کیلئے ریزرو رکھا جائیگا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ملک گیر سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان



















