اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہاہے قومی اقتصادی کونسل میں خیبرپختونخوا کے عوام کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا ،وزیراعظم شہباز شریف نے این ایف سی ایوارڈ اپڈیٹ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہاصوبے کے آئینی، مالی و ترقیاتی حقوق کے تحفظ کےلئے واضح موقف اختیار کیا ،180 دن کے اندر این ایف سی ایوارڈ کو اپڈیٹ کرنے کےلئے باقاعدہ اجلاس ہوں گے،مقررہ مدت میں اتفاق رائے نہ ہو سکا تو صدر مملکت کو سمری بھجوا کر صدارتی آرڈر کے ذریعے این ایف سی ایوارڈ اپڈیٹ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا نئے این ایف سی ایوارڈ میں ضم شدہ اضلاع کا مالی حصہ شامل کیا جائےگا،سالانہ ترقیاتی پروگرام اور اے آئی پی میں مزید بہتری لائی جائے گی تاکہ عوام کو ترقیاتی ثمرات بروقت پہنچ سکیں،اشیائے ضروریہ کی آزادانہ نقل و حمل یقینی بنانا وفاق کی آئینی ذمہ داری ہے، آرٹیکل پر عملدرآمد ممکن نہیں تو پھر آئین کی شق کو ختم کر کے صوبوں کو اپنی پالیسی اختیار کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
وزیراعظم نے این ایف سی ایوارڈ اپڈیٹ کرنے کی یقین دہانی کرادی ،سہیل آفریدی


















