اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اہم اجلاس ختم ہوگیا جس میں آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اور تین وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے، نئے مالی سال کیلئے شرح نمو کا ہدف 4 فیصد مقرر کرنے کی منظوری دئیے جانے کا امکان ہے جبکہ اوسط مہنگائی کی شرح 8.2 فیصد رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اجلاس میں اے ڈی پی کی منظوری اور قومی ترقیاتی بجٹ کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کیلئے مجموعی ترقیاتی بجٹ 4 ہزار 715 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے جبکہ وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کا حجم ایک ہزار 126 ارب روپے رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں معاشی استحکام، ترقیاتی ترجیحات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف پر غور


















