بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے حکومت بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے ، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطر کے تعمیر گروپ کے بانی محمد حسین آل علی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہا قطر پاکستان کا دیرینہ دوست ،ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا، سیاحت، ہوٹلنگ و ہاسپیٹیلٹی اور رئیل سٹیٹ و تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے،متعلقہ حکام قطر کے گروپ کو سہولت و معاونت فراہم کریں۔

تعمیر گروپ کے بانی نے کہا پاکستان میں ہاسپیٹیلٹی و ہوٹلز ،رئیل سٹیٹ و تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ،کئی منصوبوں پر کام شروع ہو چکا،وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی ترقی اور کاروبار و بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اقدامات کو سراہتے ہیں،وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے مثبت اقدامات اٹھارہی ہے۔