لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشما گل نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد ان کے والد ایک سال تک ان سے ناراض رہے اور بات چیت بند رکھی۔ یشما گل نے اپنے کیریئر کا آغاز اس وقت کیا جب وہ آسٹریلیا میں تعلیم مکمل کرکے وطن واپس آئیں۔ انکا کہنا ہے کہ انہیں شروع سے ہی شوبز کی دنیا اپنی طرف متوجہ کرتی تھی، اسی لئے انہوں نے اسی میدان کو اپنے مستقبل کیلئے منتخب کیا۔ آج وہ ڈرامہ انڈسٹری میں ایک مضبوط مقام حاصل کر چکی ہیں اور کامیابی کی جانب گامزن ہیں۔
حال ہی میں وہ نجی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں سے جڑی نجی زندگی کے اہم پہلو شیئر کئے۔ اداکارہ کے مطابق ان کے والد شوبز انڈسٹری کے بارے میں عمومی تاثر کی وجہ سے اس پیشے کے خلاف تھے۔ جب انہوں نے باقاعدہ اداکاری شروع کی تو ان کے والد نے تقریباً ایک سال تک ان سے گفتگو نہیں کی۔
یشما گل نے بتایا کہ ایک سال بعد رمضان المبارک کے دوران انہوں نے والد کو سلام کیا تو انہوں نے جواب دیا اور یوں دونوں کے درمیان جمی برف پگھلنا شروع ہوئی۔ بعد ازاں جب اداکارہ نے عمرہ ادا کرنے کا ارادہ کیا تو انہیں محرم کی ضرورت تھی، جس پر انہوں نے اپنے والد سے ساتھ چلنے کی درخواست کی۔ ان کے والد عمرہ کی ادائیگی کیلئے ان کے ہمراہ گئے۔
اداکارہ کے مطابق اس سفر کے دوران جب ان کے والد نے دیکھا کہ لوگ ان کی بیٹی کو اس کے پیشے کی وجہ سے عزت اور خصوصی احترام دے رہے ہیں تو ان کا نقطہ نظر بدلنا شروع ہوا۔ انہیں احساس ہوا کہ شاید انکی بیٹی درست راستے پر ہے۔ اسی تجربے کے بعد دونوں کے تعلقات میں بہتری آئی اور وہ ایک دوسرے کے قریب آ گئے۔
والد میرے شوبز انڈسٹری کے آنے کیخلاف تھے: اداکارہ یشما گل



















