احمد آباد،پالی کیلے:(مشرق نیوز) ٹی 20ورلڈکپ کے سپرایٹ مقابلے میں بھارتی سورما گھر میں ڈھیر،جنوبی افریقہ نے غرور خاک میں ملا دیا۔
احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر187 رنز بنائے،ڈیوڈ ملر 63، ڈیوالڈ بریسویس 45 ،اسٹبس نے 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،بھارت کی جانب سے جسپریت بھمراہ 3، ارشدیپ سنگھ نے2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹرزکی ایک نہ چلی ،وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح بکھرتی رہیں،پوری ٹیم 18.5اوورز میں111پر ڈھیر ہوگئی۔
اشان کشن صفر،ابھشیک شرما15،تلک ورما ایک،کپتان سوریا کمار یادیو18،واشنگٹن سندر11،پانڈیا18،رینکو سنگھ، جسپریت بھمراہ صفر ،ارشدیپ سنگھ ایک سکور پر واپس لوٹے،شیو م دوبے 42رنز بناکر نمایاں رہے،افریقہ نے معرکہ76رنز سے اپنے نام کرلیا،جیسن 4،مہاراج نے 3کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔
ایک اور میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو باآسانی 51 رنز سے شکست دیدی،انگلش ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے،فل سالٹ نے 40 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ،سری لنکا کے دنتھ ویلالاگے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں میزبان سری لنکا کی ٹیم 16.4اوورز میں صرف 95رنز پر چلتی بنی،کپتان داسن شاناکا 30 رنز کیساتھ نمایاں رہے،ول جیکس 3،ڈیوسن،عادل رشید نے 2،2کھلاڑیوں کاشکار کیا۔
بھارتی سورما گھر میں ڈھیر،افریقہ نے غرور خاک میں ملا دیا،انگلینڈ نے لنکا کو دبوچ لیا



















