لاہور (مشرق نیوز) اداکارہ ثنا جاوید نے سوشل میڈیا پر اپنے نام سے بنائے گئے جعلی فیس بک اکاونٹ کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ثنا جاوید نے انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے اس جعلی اکاونٹ کی سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا کہ اسے میٹا کی جانب سے کیسے تصدیق شدہ (ویریفائی) قرار دیا گیا۔
ثنا جاوید نے واضح کیا کہ جس اکاونٹ کے فالوورز کی تعداد زیادہ ہے، وہ درحقیقت ان کے نام سے بنایا گیا ایک جعلی اکاونٹ ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اس جعلی اکاونٹ سے شیئر کی گئی کسی بھی پوسٹ کو دوبارہ شیئر نہ کریں۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے نہ صرف اس جعلی اکاونٹ کے خلاف فیس بک پر رپورٹ درج کروائی ہے بلکہ متعلقہ حکام کو بھی اس معاملے سے آگاہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی جعلسازوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ جعلی اکاونٹ نہ صرف ماہانہ فیس ادا کرکے تصدیق شدہ بنایا گیا تھا، بلکہ حیرت انگیز طور پر اس کے فالوورز کی تعداد اصل اکاونٹ سے بھی زیادہ تھی۔ جعلی اکاونٹ پر ثنا جاوید کی ذاتی تصاویر کے ساتھ ساتھ ان کے شوہر شعیب ملک کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی جا رہی تھیں۔
اعداد و شمار کے مطابق جعلی اکاونٹ کے 17 لاکھ فالوورز تھے جبکہ ثنا جاوید کے اصل فیس بک اکاونٹ پر 12 لاکھ فالوورز ہیں۔ اداکارہ کی جانب سے اس جعلی اکاونٹ کی نشاندہی کے بعد یہ اکاونٹ غیر فعال کر دیا گیا۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کے نام سے جعلی اکاونٹس کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے، جہاں جعل سازوں کی کارروائیاں صارفین کے ساتھ ساتھ مشہور شخصیات کیلئے بھی مسائل کا باعث بن رہی ہیں۔
جعلی ثنا جاوید نے فالوورز کی دوڑ میں اصلی کو بھی مات دیدی



















