پنجاب، آٹے کا 20 کلو تھیلا 250، درجہ دوم گھی، آئل 25 روپے تک مہنگا

لاہور (جنرل رپورٹر) فلور ملوں نے آٹے کے 20کلو تھیلے کی قیمت میں250 روپے تک کا اضافہ کر دیا جس کے بعد قیمت1810 روپے سے بڑھ کے 2060 روپے ہو گئی ،محکمہ خوراک کی جانب سے تین لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی یقین دہانی پر فلور ملوں نے قیمتوں میں اضافے کا اطلاق پیر تک روک دیا ۔ عید سے قبل بیس کلو والے آٹے کے تھیلے کی قیمت 1810 روپے تھی۔ دوسری جانب حکومت نے فلور ملز مالکان سے رابطہ کر کے پاسکو سے تین لاکھ میٹرک ٹن گندم دلوانے کی یقین دہانی کر ادی ہے ۔سربراہ پروگریسو فلور ملز ایسوسی ایشن ماجد عبداللہ کے مطابق پنجاب حکومت نے 3000 روپے فی من والی گندم کا اجرا ءروکدیا ہے،اس وقت مارکیٹ میں گندم 3700 روپے فی من مل رہی ہے،موجودہ گندم کے ریٹ پر آٹے کے تھیلے کی قیمت 2200روپے تک بنتی ہے لیکن ہم نے کم اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں گندم کی قیمت کم ہوتی ہے یا بڑھتی ہے تو اس کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ ماجد عبد اللہ کے مطابق محکمہ خوراک کی جانب سے یقین دہانی کروانے کے بعد آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق پیر تک روک دیا گیا ہے۔ دوسری طرف درجہ دوم گھی اور آئل کی ہول سیل قیمت میں 18 سے 25روپے تک اضافہ ہو گیا ۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق رمضان المبارک میں ہول سیل میں درجہ دوم گھی کے 12پیکٹ کی پیٹی 6144روپے میں فروخت ہو رہی تھی جو اب 216روپے اضافے کے بعد 6360میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ درجہ دوم آئل کی 12پیکٹ کی پیٹی کی قیمت300روپے اضافے سے 6530روپے تک پہنچ گئی ۔ ہول سیل میں درجہ دوم گھی اور آئل کی قیمتوں میں بالترتیب 18اور25روپے اضافہ ہوا ہے ۔