سعودی عرب نے پاکستان کے 5 ارب ڈالر قرض کی واپسی 3 سال کیلئے موخر کر دی

اسلام آباد (مشرق نیوز) سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے 5 ارب ڈالر کے قرض کی واپسی 3 سال کیلئے موخر کر دی ہے جس سے پاکستان پر فوری ادائیگیوں کا دباو کم ہو گیا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے پاس سعودی عرب کے 8 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس ہیں، پاکستان نے سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر اس سال اپریل میں حاصل کئے تھے، یہ قرض سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ماہ کیلئے دیا تھا، جس سے پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو ادائیگیاں کی تھیں۔

اس قرض کے رول اوور ہونے کی وجہ سے رواں برس پاکستان کی بیرونی مالی ضروریات کم ہو کر 21.5 ارب ڈالر رہ گئیں، غیرملکی قرضوں پر سود کی ادائیگی سے نصف ارب ڈالر کی کمی آئی۔

جولائی میں 2.2 ارب ڈالر کے قرضے واپس کئے جا چکے ہیں، چین سے 1.3 ارب ڈالر کے کمرشل قرض کی ری فنانسنگ اگلے ماہ متوقع ہے، سٹیٹ بینک نے گزشتہ مالی سال میں اوپن مارکیٹ سے 9 ارب ڈالر خریدے۔دسمبر 2026 تک زرمبادلہ کے ذخائر 20.2 ارب ڈالر تک پہنچنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔