ساہیوال کلب کے تعمیراتی معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال کلب کی تعمیراتی سرگرمیاں جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ساہیوال کلب میں جاری تعمیراتی کام کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اراکین کو جدید اور معیاری سہولیات بروقت فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وہ اپنے دفتر میں ساہیوال کلب کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری ساہیوال کلب شیخ عظمت سلیم سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور جاری منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ تعمیراتی کام میں معیار، شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی مرحلے پر تعمیراتی معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور کام کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”اوپن ڈور پالیسی“ کے تحت شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل تفصیل سے سنے۔ اس موقع پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں نے اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل کمشنر کے سامنے پیش کئے۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے ہر درخواست کا بغور جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر، مقررہ وقت میں اور میرٹ کے مطابق حل کیا جائے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر سہولیات اور فوری ریلیف کی فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ علاوہ ازیں کمشنر آفس ساہیوال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے نو تعینات ہونے والے ریگولر چیئرمین فیصل اعجاز کو خوش آمدید کہا گیا اور سبکدوش ہونے والے چیئرمین ڈاکٹر آصف طفیل کو الوداع کہا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، سیکرٹری بورڈ غلام حسین بھٹی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت اور ڈائریکٹر کالجز مسز سیدہ عندلیب فاطمہ سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ سرکاری افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ شرکاءنے فیصل اعجاز کو خوش آمدید کہا اور چیئرمین ساہیوال بورڈ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں تعلیمی نظم و نسق میں شفافیت، کارکردگی اور بہترین معیار کو مزید فروغ ملے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر آصف طفیل کو بطور کمشنر ساہیوال ڈویژن ان کی مثالی قیادت اور شاندار خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے عوامی خدمات کی فراہمی اور تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے ان کی نمایاں انتظامی اصلاحات، دور اندیش قیادت اور گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا۔ اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ بورڈ کو پیپر لیس (کاغذ کے بغیر) بنانا اور ون ونڈو آپریشن کے ذریعے طلبہ کو بہترین اور جدید ترین سہولیات کی فراہمی ڈاکٹر آصف طفیل کے نمایاں کارناموں میں شامل ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر آصف طفیل کے مستقبل کے فرائض کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل اعجاز نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور ساہیوال بورڈ کے امور میں میرٹ، شفافیت اور معیار کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے اپنی تعیناتی کے دوران بھرپور تعاون اور معاونت فراہم کرنے پر تمام افسران اور عملے کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔