وسائل پر پہلا حق عوام کا ہے، بلوچستان کے مسائل گرینڈ ڈائیلاگ سے حل ہونے چاہئیں،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیراعظم نے کہا ہے بلوچستان کے مسائل گرینڈ ڈائیلاگ سے حل ہونے چاہئیں،صوبے کے وسائل پر پہلا حق عوام کا ہے۔

بلوچستان نیشنل ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا بلوچوں کی تاریخ دلیری، مہمان نوازی، رواداری ،عظیم روایات سے مزین، ڈائیلاگ کا مقصد شرکا،بلوچ عوام کی بات سننا ہے،پاکستان کے معرض وجود میں آتے ہی بلوچستان کے مختلف حصوں نے پاکستان کےساتھ الحاق کیا، مسائل ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہونے چاہئیں،مسائل کی آڑ میں کوئی محب وطن بندوق نہیں اٹھا سکتا، خونی سڑک کو امن کی سڑک بنانا ہے، گھس بیٹھیے دشمن ممالک سے وسائل حاصل کر رہے ،شہدا اپنی جانیں قربان کرکے دوسروں کی زندگیاں بچا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاجو کچھ ہوگیا ہوگیا اب گرینڈ ڈائیلاگ کرنا ہو گا، بلوچستان کے بیٹے ،بیٹیاں اپنا راستہ درست کرنے کےلئے تیار ہیں تو خوش آمدید کہنا چاہیے، بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے،مسائل کا حل بات چیت ،مکالمے کے ذریعے نکالا جانا چاہیے،بات چیت ،مکالمے کے ذریعے سخت سے سخت مسئلے کاحل بھی ممکن ہے،حکومت بلوچستان کے جائز شکووں کو ایک مرتبہ نہیں ، ہزار مرتبہ سننے کےلئے تیار ہے، مزدوری کرنےوالے افراد کو شناخت کی بنیاد پر قتل کرنا کسی صورت جائز نہیں۔

شہبازشریف نے کہاوسائل کی منصفانہ تقسیم ہی مسائل کے حل کا موثر طریقہ ،پاکستان کی ترقی تب ہی ہوگی جب چاروں صوبے ملکر چلیں گے،بلوچستان ،خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے پیچھے دشمن ممالک کا ہاتھ ہے، فیلڈمارشل کےساتھ ملکرکراچی سے چمن این اے 25 شاہراہ تعمیرکر رہے ہیں، بدقسمتی سے کام کرنے والے مزدوروں کو شہید کردیا جاتا ،پہاڑوں میں کام کرنے والامزدور بلوچستان کی خوشحالی کےلئے کام کر رہا ہے اگر مسائل و چیلنجز ہیں تو باہمی گفت و شنید سے حل کیا جائے،ریاست ماں کا درجہ رکھتی اور ماں کبھی نہیں چاہتی بچوں کو تکلیف پہنچے، معرکہ حق کے دوران پوری قوم یک جان دو قالب تھی، گوادر کا ہوائی اڈا چین کی طرف سے تحفے میں ملا۔