خواتین سے متعلق متنازع بیان پر شہود علوی کی وضاحت

لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی سینئر اداکار شہود علوی نے خواتین سے متعلق اپنے حالیہ متنازع بیان پر شدید تنقید کے بعد وضاحت پیش کر دی۔ شہود علوی نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے گھریلو خواتین کو بدبودار قرار دیا تھا جس کے بعد ان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

تنازع بڑھنے کے بعد اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ کے ذریعے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو جس انداز میں لیا گیا، ان کا مقصد وہ نہیں تھا اور وہ اپنی بات کا اصل مفہوم واضح کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”شو کے دوران ایک خاتون کی کال آئی تھی جو پوچھ رہی تھیں کہ جب بھی ان کا شوہر گھر پر آتا ہے تو فون میں مصروف ہو جاتا ہے۔ اس پر میں خواتین کو یہ سمجھانے کی کوشش کر رہا تھا کہ اگر وہ اپنا خیال نہیں رکھیں گی تو ایسے ہی مرد باہر دیہان دیں گے۔“

شہود نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ”میرے بارے میں لوگ سوچ رہے ہیں کہ میں خواتین کی عزت نہیں کرتا۔ ایسا نہیں ہے کیونکہ میں تو عورتوں کو پراعتماد اور طاقتور دیکھنا چاہتا ہوں۔ میرے گھر میں بھی بیوی، بیٹیاں اور بہنیں ہیں، میں نے انکو سب آسائشیں دی ہیں جس کی وجہ سے وہ گھر میں بھی ٹم ٹاپ رہتی ہیں۔“

شہود علوی کی وضاحت کے بعد بھی سوشل میڈیا صارفین مطمئن نظر نہیں آئے۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا ’لگتا ہے کسی کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو گیا‘ جبکہ دیگر صارفین نے مشہور شخصیات کو حساس موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے الفاظ کے انتخاب میں احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔