تارکین وطن کی جائیدادوں پر قبضے ناقابل برداشت ہیں: امجد ملک

لاہور (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر پنجاب و وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک سے وزیراعظم آزاد کشمیر کے ایڈوائزر برائے امریکہ و اوورسیز پاکستانی امریکن خواجہ فاروق نے اوورسیز کمیشن پنجاب کے دفتر میں خصوصی ملاقات کی جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں درپیش جائیدادوں پر قبضوں، پلاٹ مافیا، پولیس کی مبینہ عدم کارروائی اور دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواجہ فاروق نے بیرسٹر امجد ملک کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی محنت کی کمائی سے پاکستان میں زمینیں اور جائیدادیں خریدتے ہیں مگر بعض عناصر مبینہ طور پر جعلسازی اور مافیا کے ذریعے ان کی جائیدادوں پر قبضے کر لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض معاملات میں پولیس متاثرہ اوورسیز پاکستانیوں کی داد رسی کرنے کے بجائے انہیں عدالتوں سے رجوع کرنے کا مشورہ دیتی ہے جس سے انکے مسائل مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں۔ خواجہ فاروق نے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج ہر شہری کا قانونی حق ہے۔ اگر کسی درخواست میں قابل تفتیش حقائق موجود ہوں تو پولیس کو قانون کے مطابق مقدمہ درج کرکے تحقیقات کرنی چاہئیں، حقائق درست ثابت ہونے کی صورت میں چالان عدالت میں پیش کیا جائے اور اگر الزام غلط ثابت ہو تو قانون کے مطابق مقدمہ خارج کیا جائے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوورسیز پاکستانیوں کو ایف آئی آر کے اندراج کیلئے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے اپنی جائیداد کے معاملے سے متعلق بھی بیرسٹر امجد ملک کو آگاہ کیا اور بتایا کہ انکا گوجرانوالہ ڈی سی کالونی میں ایک کنال کا پلاٹ ہے جس کے بارے میں مبینہ طور پر جعلسازی کے ذریعے منتقلی کا معاملہ سامنے آیا۔ انہوں نے بتایا کہ بظاہر دستاویزات مکمل اور درست دکھائی دیتی ہیں تاہم انکے بھائی، جن کے پاس مختار نامہ تھا، نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے ڈی سی کالونی جاکر نہ کوئی کارروائی کی اور نہ ہی اس شخص کو جانتے ہیں جس کے نام پر پلاٹ منتقل کیا گیا جبکہ کسی رقم کی وصولی بھی نہیں کی گئی۔ خواجہ فاروق نے بتایا کہ وہ اس معاملے پر گوجرانوالہ پولیس کے اعلیٰ افسران سے بھی ملاقاتیں کرچکے ہیں تاہم انہیں تاحال مطلوبہ قانونی داد رسی نہیں مل سکی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم آزاد کشمیر کے ایڈوائزر، صحافی اور گوجرانوالہ کینٹ کے دو مرتبہ ممبر رہنے والے شخص کو اپنی جائیداد کے معاملے میں قانونی کارروائی کے حصول میں مشکلات پیش آسکتی ہیں تو عام اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق اور ان کی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ ایسی ہاو¿سنگ سوسائٹیز یا عناصر جو مافیا کیساتھ ملکر شہریوں، خصوصاً اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضے کرواتے ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور مقدمات بھی درج ہوں گے۔ انہوں نے خواجہ فاروق کو یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت سے متعلق انکے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرکے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ان کے سامنے بھی رکھیں گے۔ خواجہ فاروق نے بتایا کہ پلاٹ مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے اگر انہیں چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر پاکستان آصف علی زرداری یا وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی ملاقات کرنا پڑی تو وہ ان سے ملاقات کریں گے اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ان کے سامنے رکھیں گے۔ خواجہ فاروق نے کہا کہ وہ امریکی حکام اور صدر ٹرمپ سے بھی اپیل کریں گے کہ پاکستان میں جائیدادیں رکھنے والے امریکی شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے سفارتی سطح پر مناسب توجہ دی جائے اور پاکستان میں متعلقہ حکام کو ایسے معاملات کے فوری اور شفاف حل کیلئے مو¿ثر اقدامات پر زور دیا جائے۔ بعد ازاں خواجہ فاروق نے لندن میں بیرسٹر امجد ملک کے بھائی کی وفات پر ان سے اظہار تعزیت اور افسوس کیا۔