لاہور:(نمائندہ خصوصی)برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت عثمان علی الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش کے سالانہ عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار شریف پر رسم چادر پوشی کی تقریب سے ہوگیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رسم چادر پوشی ،دودھ کی سبیل سے افتتاح کیا،مشیر وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار، وزیر ہاﺅسنگ بلال یاسین، وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، سیکرٹری،چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار، کمشنر لاہور نعمان یوسف، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور حافظ انیس الرحمن، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اوقاف شاکر سندھو، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو ، ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار ایم علی خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
تمام مہمانوں نے فاتحہ خوانی ،خطیب جامع مسجد داتا دربار علامہ مختار احمد ندیم نے ملک و قوم کی سلامتی کےلئے خصوصی دعا کرائی، رسم چادر پوشی کے دوران مزار اقدس پر پھول نچھاور کیے گئے اور تمام مہمانوں کی دستار بندی کی گئی۔
بعد ازاں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے دیگر کے ہمراہ زائرین کےلئے دودھ کی سبیل ،لنگر کی تقسیم کا افتتاح کیا ،رسم چادر پوشی کے اختتام پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے محکمہ اوقاف کی خصوصی تصنیف ”حضرت داتا گنج بخش، کاملاں را راہنما “کی باقاعدہ رونمائی بھی کی۔
اسحاق ڈار نے کہااولیائے کرام نے اپنے کردار، علم اور روحانی فیض کے ذریعے اسلامی اقدار کو عام کیا،حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات محبت، اخوت، تقویٰ، برداشت، عدل ،خدمت خلق کا ایسا لازوال پیغام ہیں جو آج بھی معاشرے کو امن، استحکام اور یکجہتی کی راہ دکھا رہا ہے۔
سالانہ رسم چادر پوشی کی تقریب کے موقع پر زائرین کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ٹرپل سٹیپ اقدامات کئے گئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہمراہی میں داتا دربار کمپلیکس کی سرچنگ، اردگرد کی بلند و بالا عمارتوں پر مسلح پولیس اہلکاروں کی تعیناتی سمیت دیگر حوالوں سے معاملات کو سنبھالے رکھا،افتتاحی تقریب میں انتظامات کو بہتر بنائے رکھنے کی غرض سے محکمہ سیاحت کی جانب سے بھی فورس کے جوان اور افسر تعینات کئے گئے،عرس تقریبات کے پہلے روز ملک بھر سے عوام کے جم غفیر نے جوق در جوق مزار پر حاضری دی، عقیدت کے پھول نچھاور کیے ۔
داتا دربار کےعرس کا آغاز،رسم چادر پوشی،ملک بھر سے زائر ین کی شر کت


















