امراض پر قابو پانے کیلئے غیر معیاری سرنجز پر پابندی لگائی جائے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے متعدی امراض پر قابو پانے کیلئے ماہرین کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاملک بھر میں غیر معیاری سرنجز کی تیاری و استعمال پر مکمل پابندی ،خلاف ضابطہ سرنجز کے استعمال ،روک تھام میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد ،ہسپتالوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

ایڈز و ہیپاٹائٹس سی جیسے متعدی امراض کی روک تھام کےلئے اٹھائے گئے اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرتے وقت صوبوں سے مشاورت یقینی بنائے،وزرات قانون متعلقہ اداروں کےساتھ مل کر قانونی و ریگولیٹری فریم ورک میں ضروری ترامیم تجویز کرے،قومی سطح پر جامع حکمت عملی کی تشکیل اور موثر نفاذ ہی مسئلے کا حل ہے،سرنجز سے متعدی امراض کے پھیلنے کے مستقل سدباب کیلئے ڈریپ میڈیکل آلات کی انڈسٹری سے مشاورت کرکے پالیسی اقدامات تجویز کرے۔

شہبازشریف نے کہا متعدی امراض کے پھیلاو کے سد باب کی جاری کوششوں میں بین الاقوامی شراکت داروں کی معاونت انتہائی اہم ،علاج سے متعلقہ آلات کی مینوفیکچرنگ ،شعبہ صحت کے عملے کی عالمی معیار کی ٹریننگ پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔