ایران سے مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو سنگین نتائج سامنے آئیں گے،ٹرمپ

واشنگٹن،تہران :(بیورورپورٹ،مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے بڑا بحری بیڑا ایران کی جانب گامزن ،مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہاسٹیووٹکوف ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات کریں گے،کوئی معاملہ طے پا گیا تو بہتر ہوگا ورنہ بہت برے نتائج سامنے آسکتے ہیں، امریکی سرحدیں محفوظ بنا دیں اب کوئی غیر قانونی نہیں آرہا، دنیا میں 8 جنگیں رکوائیں، یوکرین روس جنگ پر بھی اچھی خبروں کیلئے پرامید ہوں،یوکرین روس جنگ کی وجہ سے ماہانہ 25 ہزار افراد مارے جا رہے ہیں، کارروائی کے بعد وینزویلا کی قیادت کا رویہ تبدیل ہوا ، پیوٹن ،زیلینسکی کے درمیان انتہا کی نفرت باعث شرم ہے۔

ٹرمپ نے کہا یورپ کو امیگریشن ،توانائی مسائل کا سامنا ہے، واشنگٹن ڈی سی کو جرائم سے پاک ،محفوظ بنایا، میکسیکو کیوبا کو تیل بھیجنا بند کرنے جا رہا ہے،جیفری اپیسٹین معاملے سے میرا کوئی تعلق نہیں ،یورپ کےساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں،ملکی صنعتوں کیلئے اہم معدنیات کا سٹرٹیجک ذخیرہ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا،امریکی بینک 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔

دوسری جانب ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا قومی مفادات کے تحفظ کےلئے امریکہ کےساتھ مذاکرات کیے جا سکتے ہیں ،دھمکیوں ،غیر معقول توقعات سے گریز کیا جائے،وزیر خارجہ منصفانہ ،مساوی بنیادوں پر بات چیت کےلئے ماحول سازگار بنانے کی تیاری کریں،ایران قومی مفادات کے تحفظ کو مقدم رکھتے ہوئے ہی کسی ممکنہ سفارتی عمل میں پیش رفت کرے گا۔