امریکی فوج کا آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کیلئے خفیہ آپریشن

واشنگٹن:(بیورورپورٹ)آبنائے ہرمز کے راستے روزانہ لاکھوں بیرل تیل کی ترسیل کےلئے امریکی فوج نے خاموشی سے شپنگ کوریڈور قائم کر لیا۔

ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق 2امریکی حکام نے بتایا وسیع تر جنگ میں تعطل کے باوجود آپریشن نمایاں کامیابی ہے،کئی ہفتوں سے جاری خفیہ آپریشن کے تحت ہر شب عمانی ساحل کےساتھ جنوبی چینل کے ذریعے 15 سے 20 آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز میں داخل ہوتے یا نکلتے ہیں، روزانہ تقریباً ایک کروڑ بیرل تیل جو جنگ سے پہلے کے حجم کا لگ بھگ نصف ہے آبنائے سے بحفاظت نکال کر عالمی توانائی مارکیٹ میں شامل کیا جا رہا ہے۔

ایگزیوس کے مطابق پیشرفت محض آئل ٹینکرز کو حفاظتی حصار میں آبنائے ہرمز سے باہر نکالنے تک محدود نہیں ،امریکی فوج خالی ٹینکرز کو بحیرہ عرب سے آبنائے ہرمز کے راستے خلیج میں داخل ہونے، خطے کے ممالک سے تیل بھرنے اور پھر بحفاظت باہر نکلنے میں بھی مدد فراہم کر رہی ہے،آپریشن امریکی سینٹرل کمانڈ کی 2ہفتوں پر محیط فوجی مہم کے باعث ممکن ہوا ۔