اسلام آباد (مشرق نیوز) ملکی آبی سلامتی کو خطرات کے پیش نظر عالمی قانونی فورمز پر رجوع کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کرلی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان کے پانی کے حق کے تحفظ سے متعلق قانونی جنگ کیلئے چناب بیاس لنک ٹنل کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا۔ عدالت سے انڈس واٹرز ٹریٹی پر فوری عملدرآمد کیلئے عالمی قانونی فورمز سے رجوع کی درخواست کی گئی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر 16 ستمبر کو جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی اس درخواست پر سماعت کریں گے۔ رجسٹرار آفس نے کیس 16 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی کاز لسٹ جاری کردی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس معاملے پر وفاقی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کر رکھا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انڈس واٹرز ٹریٹی پر فوری عملدرآمد کیلئے حکومت عالمی قانونی فورمز سے فوری رجوع کرے۔
درخواست میں پاکستان کے پانی کے تحفظ کیلئے عدالتی مداخلت کی استدعا بھی کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بھارت کا چناب کا پانی موڑنے کا منصوبہ پاکستان کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی آبی سلامتی خطرے میں ہے۔ درخواست میں حکومت کی خاموشی کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس معاملے پر عدالتی مداخلت کی استدعا کی گئی ہے۔
آبی سلامتی کو خطرہ، عالمی قانونی فورمز پر رجوع کی درخواست سماعت کیلئے مقرر


















