بون میرو ٹرانسپلانٹیشن پراجیکٹ جلد شروع کرنا چاہتے ہیں: سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) حکومت پنجاب کی جانب سے الحمراءآرٹ کونسل میں یوم سیاہ کے حوالے سے پر وقار تقریب کا انعقادکیاگیا۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نے اس موقع پر کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کے بارے تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا۔بعد ازاں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔اس موقع پر کشمیر اور پاکستان کے ترانے بجائے گئے۔اس موقع پر حریت رہنماءانجینئر مشتاق احمد، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی و دیگر افسران نے شرکت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر یوم سیاہ کی مناسبت سے واک کی قیادت بھی کی۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ آج وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے حاضر ہوئے ہیں۔پاکستانی قوم اور کشمیری قوم کا نظریہ، سوچ، مقصد اور فلسفہ ایک ہے۔پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی میں بون میرو ٹرانسپلانٹیشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس کے دوران بون میرو ٹرانسپلانٹیشن کے پراجیکٹ کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بون میرو ٹرانسپلانٹیشن کے پراجیکٹ کو جلد شروع کرنا چاہتے ہیں۔اجلاس کے دوران تمام سٹیک ہولڈرز کی قیمتی تجاویز پر غور کیا گیا ہے۔ہمارے لئے ٹرانسپلانٹیشن کے دوران سب سے اہم مریضوں کے محفوظ علاج و معالجہ کو یقینی بنانا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام حکومت پنجاب کے فلیگ شپ پروگرامز ہیں۔چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔پنجاب میں انسانی اعضاءکی غیر قانونی پیوندکاری کا کاروبار چلانے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔