عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت کئی ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

لندن، نیویارک (مشرق نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث تیل 87 ڈالر سے اوپر چلا گیا جبکہ دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں تقریباً 4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دنیا کی بڑی معیشتوں کی سٹاک مارکیٹوں میں مندی دیکھی گئی، تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پاکستان میں مہنگائی کو تیز کرسکتا ہے اور روپے سمیت عوامی مالیات (پبلک فنانسز) پر دباو کو مزید شدید کر سکتی ہیں۔

برینٹ خام تیل کی قیمت 3.10 ڈالر یا 3.68 فیصد اضافے کے ساتھ 87.33 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی، جو کہ گزشتہ کئی ماہ میں اس کی بلند ترین سطح ہے۔ دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 3.14 ڈالر یا 3.98 فیصد اچھال کے ساتھ 82.09 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

مربن خام تیل 3.91 فیصد اضافے کے ساتھ 80.77 ڈالر جبکہ ڈبلیو ٹی آئی مڈلینڈ 3.10 فیصد اضافے کے ساتھ 81.81 ڈالر پر پہنچ گیا، کیونکہ تاجروں نے تیزی سے بڑھتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی خطرات کے پیش نظر قیمتوں میں اضافہ کیا۔