لاہور(قاضی ندیم اقبال)متروکہ وقف املاک بورڈ کا فیلڈ سٹاف رواں مالی سال 2025-26 کے بجٹ اہداف حاصل کرنے میں ناکام۔ بورڈ حکام نے1.1ارب روپے کے شارٹ فال کا نوٹس لیتے ہوئے 30جون تک 25ضلعی دفاتر کی دو ہفتہ وار تعطیلات پر پابندی عائد کر دی۔لاہور سمیت ملک بھر کے ضلعی دفاتر جمعہ اور ہفتہ کو کھلے رہیں گے اور رواں مالی سال کے لئے دئیے گئے بجٹ اہداف کو مکمل کرنے کے لئے کام کریں گے۔ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز/قائمقام سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں چیف کنٹرولر آف اکاﺅنٹس عدیل احمد اور شعبہ اکاﺅنٹس کے دیگر ذمہ دار بھی شریک ہوئے۔ جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی رشید احمد تونیو، ایڈمنسٹریٹر ملتان میر وائس درانی ، ایڈمنسٹریٹر فیصل آباد محمد سلیم گوندل ، ایڈمنسٹریٹر لاہور عدنان حسن پھلر وان ، ایڈمنسٹریتر راولپنڈی یاسر اصغر مونگا ، ایڈمنسٹریٹر گوجرانوالہ ارمان جلال اور ایڈمنسٹریٹر ننکانہ صاحب نور اسلم زوم کی وساطت سے اجلاس میں شریک ہوئے۔ دوران اجلاس ملک بھر میں موجود زونل دفاتر اور ان کے نیچے قائم ضلعی دفاتر کو رواں مالی سال 2025-26 کے دوران دئیے گئے بجٹ اہداف زیر بحث لائے گئے۔ ذرائع کے مطابق دوران اجلاس شعبہ اکا?نٹس کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے لئے 4.8 ارب روپے سے زائد کا بجٹ ٹارگٹ دیا گیا۔ جس میں سے تاحال 3.6 ارب روپے ہی وصول کئے جا چکے ہیں۔ مجموعی طور پر ملک بھر کا فیلڈ سٹاف تاحال اپنے اپنے بجٹ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق قائمقام سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے زونل ایڈمنسٹریٹرز پر واضح کیا کہ بجٹ ٹارگٹ پورنے نہ کرنے والے فیلڈ سٹاف کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ تاہم رواں مالی سال کے اختتام میں ابھی 11روز باقی ہیں لہٰذا ایڈمنسٹریٹرز اور ضلعی دفاتر اس حوالے سے بھرپور کام کریں۔سالانہ بجٹ ٹارگٹ پورے کرنے کی غرض سے ملک بھر کے ضلعی دفاتر جمعتہ المبارک اور ہفتہ کو کھلے رہیں گے۔ ایڈمنسٹریٹرز اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز اپنے بجٹ ٹارگٹ پورے کرنے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کریں۔ اس ضمن میں بلنگ اور اکا?نٹس سیکشنز کھلے رہیں گے، ان کا عملہ دفاتر حاضر ہو گا۔ اور کوئی بھی چھٹی نہیں کرے گا۔
متروکہ وقف املاک فیلڈ سٹاف کی بجٹ ہدف میں ناکامی



















