ہانگڑو:(مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی ہانگڑو میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی ) ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکرٹری سے ملاقات ، مسٹر وانگ ہاو نے صوبے میں خوش آمدید کہا۔
شہباز شریف نے ژجیانگ صوبے کی شاندار ترقیاتی منصوبوں ،صدر شی جن پنگ کی دور اندیش قیادت کو سراہتے ہوئے کہاژجیانگ کی ترقی زندہ مثال ماحولیاتی تحفظ، سبز ترقی اور اعلیٰ معیار کی معاشی نمو کو کس طرح ایک دوسرے کے معاون انداز میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان ژجیانگ صوبے کےساتھ خصوصاً ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونی کیشن، زراعت، قابل تجدید توانائی، جدید صنعتکاری ، مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کو بہت اہمیت دیتا ہے،صوبائی سطح پر تعاون پاک چین تعلقات کا اہم ستون اور صنعتی تعاون، زرعی جدیدکاری، ٹیکنالوجی کے اشتراک و برآمدات پر مبنی ترقی کے ذریعے سی پیک فیز 2 کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
شہبازشریف نے تعاون پر مبنی2اہم دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی،پہلی دستاویز ژجیانگ صوبے اور پنجاب کے درمیان سسٹر پروونس تعلقات کے قیام کی مفاہمتی یادداشت تھی،مقصد تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم نے ہانگڑو نارمل یونیورسٹی ، بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے درمیان چین پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کے قیام کی دستاویز پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی، مرکز تعلیمی تعاون، عملی تحقیق، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور پاکستان و چین کے اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف 4روزہ دورہ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگڑو پہنچے،ائیرپورٹ پر نائب گورنر، پاکستان میں چینی سفیر اور چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے استقبال کیا،شہباز شریف سی پیک فیز ٹو کے تحت بزنس فورم ،پاک چین معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب میں شریک ہوں گے، معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں ،چینی کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی شیڈول میں شامل ہے۔
شہبازشریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام میں کہا سرکاری دورے کے سلسلے میں صوبہ ژجیانگ کے خوبصورت شہر ہانگڑو پہنچا ہوں، پاکستان ،چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں،صدر شی چن پنگ اور چینی قیادت کےساتھ ملاقات کا منتظر ہوں۔
وزیراعظم نے دونوں برادر ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاپرتپاک استقبال پر صوبہ ژی جیانگ کی قیادت کا مشکور ہوں، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں،ڈیجیٹل معیشت،آئی ٹی، ٹیلی کمیونی کیشن،زراعت، قابل تجدید توانائی میں عملی تعاون مضبوط بنانے کی خواہش ہے،دونوں ممالک عوام دوست، ترقی پر مبنی اور عملی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم کا ہانگڑومیں پر پرتپاک استقبال، وانگ ہاو سے ملاقات، معاہدوں پر دستخط



















