پنجاب، سی ٹی ڈی کے 58 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 13 دہشت گرد گرفتار

لاہور (مشرق نیوز) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 58 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے اور 13 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق لاہور، ساہیوال، ملتان، جہلم، منڈی بہاوالدین، جھنگ، چنیوٹ، میانوالی میں کارروائیاں کی گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور سے فتنہ الخوارج کا خطرناک دہشت گرد مختار گرفتار کیا گیا جس کا تعلق علاقہ غیر سے ہے، دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، آئی ای ڈی بم 4، ڈیٹونیٹر 8، حفاظتی فیوز وائر 15 فٹ، ممنوعہ سٹیکرز، کتابیں اور نقدی برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی شناخت، مختار احمد، یونس، فیروز خان، ولی، اویس، فرمان، مومن، عدنان، راجہ فیصل، رضا خان، غلام شبیر، راو ساجد اور مختار شاہ کے نام سے ہوئی۔

حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں ہفتے میں 1487 کومبنگ آپریشنز کے دوران168 مشتبہ افراد گرفتار کئے، کومبنگ آپریشنز میں 53335 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے کہا کہ محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہیں، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں۔