اسلام آباد: (بیورورپورٹ) پاکستان ،ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پالیسی بنیادوں پر قرض کے اہم معاہدے پر دستخط ،پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
ترجمان وزارت اقتصادی امور کے مطابق مالی معاونت انشورنس ٹرانسفارمیشن کے ذیلی پروگرام ایس پی ون کے تحت دی جائے گی ،مجموعی رقم میں سے 25 کروڑ ڈالر رعایتی شرائط پر فراہم کیے جائیں گے۔
معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے دستخط کیے۔
سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو پاکستان کا قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کا مقصد مالیاتی شعبے کو مضبوط بنانا اور جامع اصلاحات متعارف کرانا ہے،پروگرام اڑان پاکستان،سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے انشورنس شعبے کی ترقی کے 5سالہ روڈ میپ کی معاونت کرےگا ،قومی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی و قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی کے اہداف سے بھی مکمل ہم آہنگ ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے کہا اہم و انقلابی نوعیت کے پروگرام کا مقصد انشورنس شعبے میں نئی کمپنیوں کے داخلے کو آسان،منصفانہ مسابقت کو فروغ دینا ہے،سرکاری اثاثوں کے بیمہ میں نجی انشورنس کمپنیوں کی شمولیت بڑھائی جائے گی ،پروگرام کے ذریعے ریگولیٹری نظام اور صارفین کے تحفظ کو بھی مزید مضبوط بنایا جائےگا۔
پاکستان ،ایشیائی ترقیاتی بینک میں70 کروڑ ڈالر قرض کا معاہدہ



















