سنگین جرائم میں 58 فیصد کمی، سی سی ڈی لاہور ریجن کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ

لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی ڈی لاہور ریجن / ایک سال کی شاندار کارکردگی رپورٹ جاری، ایڈیشنل آئی جی، سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت پر پنجاب بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں جس کے نتیجے میں پنجاب میں منظم جرائم کی شرح میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔ سی سی ڈی لاہور نے اپنی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق لاہور میں قتل، ڈکیتی، رابری، موٹر سائیکل و گاڑی چوری سمیت دیگر سنگین جرائم کی شرح میں واضح کمی واقع ہوئی۔ گزشتہ ایک سال کے دوران لاہور ریجن میں سنگین جرائم کی شرح میں 58 فیصد تک واضح کمی ہوئی۔سی سی ڈی کے قیام سے قبل ایک سال میں سنگین جرائم کی 29471 وارداتیں اور سی سی ڈی کے قیام کے بعد ایک سال کے دوران 12470 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران لاہور ریجن میں قتل کی وارداتوں میں36 فیصد تک ریکارڈ کمی ہوئی۔ سی سی ڈی کے قیام سے قبل ایک سال میں قتل کی 399 وارداتیں اور قیام کے بعد 254 قتل کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ اسی طرح گزشتہ ایک سال میں ڈکیتی کے واقعات میں53 فیصد تک واضح کمی آئی۔سی سی ڈی سے پہلے ایک سال میں ڈکیتی کی 72 اور قیام کے بعد صرف 34 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ سی سی ڈی لاہور ریجن کی جاری رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران رابری کی شرح میں 77 فیصد تک واضح کمی ہوئی ہے۔ سی سی ڈی سے پہلے ایک سال کے دوران رابری کی8649 اور قیام کے بعد 1990وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق لاہور ریجن میں اس سال ڈکیتی کے دوران قتل کی وارداتوں میں 25 فیصد تک کمی ہوئی اور ڈکیتی کے دوران زخمی کرنے کی وارداتوں میں بھی واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔ سی سی ڈی رپورٹ کے مطابق لاہور میں دوران ریپ قتل کے مقدمات میں 100 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔ سی سی ڈی سے پہلے ایک سال میں ریپ معہ قتل کی 8 اور قیام کے بعد پچھلے پورے ایک سال میں کوئی واردات رپورٹ نہیں ہوئی۔ لاہور میں موٹر سائیکل سنیچنگ، موٹر سائیکل چوری اور کار چوری کے حوالے سے سی سی ڈی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران لاہور ریجن میں موٹر سائیکل سنیچنگ میں 74فیصد اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور سی سی ڈی کے قیام کے بعد پہلے سال میں کار چوری کی وارداتوں میں بھی 75 فیصد کی واضح کمی آئی۔ سی سی ڈی کے قیام سے پہلے ایک سال میں 379 کاریں چوری ہوئیں اور قیام کے بعد ایک سال کے دوران صرف94 کاریں چوری ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران لاہور میں نقب زنی میں 46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ منظم جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کاروائیوں میں گزشتہ ایک سال کے دوران سی سی ڈی کا ایک اہلکار شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے ترجمان سی سی ڈی نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال جرائم کی شرح میں واضح کمی سی سی ڈی کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور سی سی ڈی کے آفیسر اور جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے پنجاب کو جرم سے پاک صوبہ بنانے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے تعاون سے سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔