ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت زیر تعمیر سبزی و فروٹ منڈیوں کے کام کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد خالد، اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے زیرتعمیر منڈیوں کے جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں تعمیراتی کام، الیکٹریکل ورک، واٹر سپلائی سسٹم اور منڈیوں کی منتقلی سے متعلق امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے آکشن شاپس اور دیگر سہولیات کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں تاکہ منڈیوں کو جلد از جلد نئی جگہ منتقل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ منڈیوں کی فراہمی سے تاجروں، کاشتکاروں اور عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے کام کرتے ہوئے منصوبے جلد مکمل کریں تاکہ عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔