اسلام آباد ( بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے ”ہیپی افریقہ ڈے“ کے موقع پر افریقی ثقافت، افریقی موسیقی اور افریقی ورثے کی نمائندگی کرنے والی روایات و اقدار کے فروغ کے لئے مشترکہ فورم تشکیل دینے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے افریقہ ڈے مشترکہ تاریخ اور مشترکہ امنگوں کی یاددہانی ہے، افریقہ آج اپنی تاریخ کے ایک تبدیلی کے مرحلے سے گذر رہا ہے، افریقہ عالمی معیشت کے سب سے متحرک خطے کے طور پر ابھر رہا ہے، ہیپی افریقہ ڈے پر اس سال کو پانی کے پائیدار استعمال کا سال قرار دینا خوش آئند ہے، پانی ہی زندگی ہے اور پانی کی اہمیت کو ہم سے بہتر شاید ہی کوئی سمجھ سکتا ہو۔ وہ گزشتہ روز یہاں مقامی ہوٹل میں ”ہیپی افریقہ ڈے“ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افریقہ ڈے کے موقع پر اپنی حکومت کی جانب سے نمائندگی میرے لئے باعث اعزاز ہے، یہ دن تنوع، ثقافتی ہم آہنگی اور افریقی براعظم کی عظیم روایات اور اقدار کے اعتراف و جشن کا دن ہے جو افریقی اقوام کے چیلنجز پر قابو پانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے ہیپی افریقہ ڈے کے موقع پر اس سال کو ”پانی کا پائیدار سال“ قرار دینے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت مسلمہ ہے کہ ”پانی ہی زندگی ہے“، پانی کی اہمیت کو ہم سے بہتر شاہد ہی کوئی سمجھ سکتا ہو۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ ہم وادی سندھ کی تہذیب کے وارث ہیں، دریائے سندھ کے کناروں پر پروان چڑھنے والی تہذیب ہمارے تاریخی اور ثقافتی تشخص کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرہ اپنی شناخت، ثقافت اور اقدار پانی سے اخذ کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ”پانی ہی زندگی ہے“ کا تصور ہماری اجتماعی سوچ میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
پانی زندگی ہے،اہمیت کو ہم سے بہتر شاید ہی کوئی سمجھ سکتا ہو، عطا تارڑ



















